نواز شریف کی ریلی: بچے کی ہلاکت سے متعلق تحقیقات مکمل

نواز شریف کی ریلی: بچے کی ہلاکت سے متعلق تحقیقات مکمل

گجرات:وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جی ٹی روڈ ریلی کے دوران گاڑی کی ٹکر سے 12سالہ بچے کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی اعلی سطحی انکوئری ٹیم نے لالہ موسی میں اپنی تحقیقات مکمل کرلیں۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ابو بکر خدا بخش کی سربراہی میں قائم کی گئی اعلی تحقیقاتی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا، ٹیم عینی شاہدین، مقتول بچے کے ورثا اور مقامی پولیس حکام کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد اسی روز لالہ موسی سے واپس چلی گئی۔علاوہ ازیں جس گاڑی نے جمعے کے روز لالہ موسی میں 12سالہ بچے کو کچل دیا تھا، کے حوالے سے یہ بتایا جارہا ہے کہ اس پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی گئی تھی جس کے باعث قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے مالک اور ڈرائیور تک پہنچنے میں ناکام ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہیں کہ واقعے کی ذمہ دار بی ایم ڈبلیو جیپ پر نمبر پلیٹ ایس ایس 875لگائی گئی تھی تاہم یہ رجسٹریشن نمبر سوزوکی بولان کار(ماڈل نمبر 2011)کے لیے محمد الیاس بٹ ولد مشتاق بٹ کے نام پر الاٹ کیا گیا تھا، تاہم مذکورہ نمبر پلیٹ نواز شریف کی ریلی میں شامل پروٹوکول پر مامور بی ایم ڈبلیو جیپ کے لیے استعمال کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ پولیس اس بی ایم ڈبلیو کے خلاف مذکورہ رجسٹریشن نمبر کے تحت پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 320کے تحت مقدمہ درج کرچکی ہے، جو مقتول بچے کے عزیز کی جانب سے درج کرایا گیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق تاہم سینئر پولیس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر وی وی آئی پیز کے پروٹوکول میں استعمال کی جانے والی گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال ایک معمول کی بات ہے۔