اپنے ایجنڈے پر عمل کیلئے آئینی ترامیم کریں گے: نواز شریف

اپنے ایجنڈے پر عمل کیلئے آئینی ترامیم کریں گے: نواز شریف

لاہور: 70ویں یوم آزادی کے موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے مزار اقبال پر حاضری دی۔ پھولوں کی چادری چڑھائی اور فاتحہ پڑھی جبکہ مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا پاکستان قائد اعظم کی قیادت میں جمہوری، قانونی جدوجہد، ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا لیکن بدقسمتی سے ہم نے قانون نظر انداز کر کے نظریہ ضرورت ایجاد کیا گیا اور قائد کا پاکستان توڑ دیا لیکن اب اپنے ایجنڈے پر عمل کیلئے آئینی ترامیم کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا ہر یوم آزادی پر ہم شرمسار ہو کر پیش ہوتے ہیں اور ہم نے ملک ٹوٹنے سے کوئی سبق نہیں سیکھا لیکن ہمیں آج 70ویں سالگرہ پر پھر طے کرنا ہو گا کہ ہم ہر صورت و قیمت پر ووٹ کے تقدس کو اپنائیں گے اور برقرار رکھیں گے۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا خوشی تب ہوتی جب مشرقی پاکستان بھی ہمارے ساتھ ہوتا اور ترقی میں پیش پیش ہوتا لیکن اب باقی ملک جو بچا ہے اس میں انتشار ہی انتشار دیکھا اگر ووٹ کی حرمت کا خیال کرتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ انہوں نے کہا ہم تو لوڈشیڈنگ ختم ہونے کی بات کر رہے تھے اور بجلی بھی سستی ہو جاتی جبکہ اس کے علاوہ ہمارا اگلا ایجنڈا تو اس سے بڑھ کر تھا کہ ہم لوگوں کو سستا اور فوری انصاف دیں گے کیونکہ دادا کے زمانے کے کیسز آج پوتا بھگت رہا ہے لیکن فیصلے ہونے کا نام نہیں لیتے اور ان کی جائیداد تک لگ جاتی ہے لیکن فیصلے نہیں ہوتے۔

نواز شریف نے کہا پاکستان بنانے کا مقصد یہ نہیں تھا کہ یہاں مساوات نہ ہو کیونکہ چند لوگوں کے پاس زمینیں اور گھر ہیں تو باقی لوگوں کے پاس بھی ہونی چاہیے۔ جو گھر بنانے کی استطاعت نہیں رکھتے ہماری حکومت انہیں گھر دے گی کیونکہ ہم چاہتے ہیں پاکستان اقتصادی طور پر مضبوط ہو جائے اور 4 سالوں میں لوگوں نے دیکھ لیا کہ ہم نے اپنے وعدے پورے کیے ہیں تاہم ترقی کی رفتار میں خلل پڑنے سے بہت نقصان ہوا جبکہ 70 برس سے جاری تماشا بند نہ ہوا تو ملک کسی اور حادثے سے دوچار ہو سکتا ہے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں