فوجی دھمکی کے حربے کے استعمال کا زمانہ ختم ہو گیا ،ایران کی امریکا کو وارننگ

فوجی دھمکی کے حربے کے استعمال کا زمانہ ختم ہو گیا ،ایران کی امریکا کو وارننگ

تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ فوجی دھمکی کے استعمال کا زمانہ گذر چکا ہے۔ ایران کے ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عالمی تجربے نے ثابت کر دیا ہے کہ ناجائز اور غیر منطقی مطالبات کو منوانے کے لئے خود مختار ممالک پردباوڈالنے اور طاقت کے استعمال کی دھمکی کا حربہ استعمال کرنے کا زمانہ ختم ہوگیا ہے۔


انھوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ ونزوئیلا کے سلسلے میں بہت سے آپشن موجود ہیں جن میں ایک فوجی آپشن بھی شامل ہے ۔ ونزوئیلا کے داخلی مسائل میں امریکی صدر ٹرمپ کے اشتعال انگیز اور مداخلت پسندانہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امریکی صدر نے ونزوئیلا کے خلاف فوجی آپشن کے استعمال کرنے کی دھمکی دی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ونزوئیلا کے داخلی امور میں ہر طرح کی مداخلت کی مخالفت کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر ممالک کی خودمختاری اور اقتداراعلی کے احترام کی ضرورت پر زوردیا ۔