ملک بھر میں71 واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

ملک بھر میں71 واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
کیپشن: تصویر بشکریہ اے ایف پی

اسلام آباد: ملک بھر میں71 واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے وفاق میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی دی گئی۔


کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقاریب ہوئیں۔ مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض پاک آرمی نے سنبھال لیے۔ اس سے قبل یہ فرائض پنجاب رینجرز کے پاس تھے اس موقع پر رینجرز اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔


یوم آزادی کے پ±ر مسرت موقع پر صدر مملکت اور نگران وزیراعظم نے تمام ہم وطنوں کو دلی مبارکباد دی اور پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے ملی جوش وجذبے کی یاد اور ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے کام کرنے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔


صدر مملکت ممنون حسین نے جناح کنونشن اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج حقیقی جشن کا دن ہے، پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کہا جشن آزادی اور عام انتخابات کے درمیان پیغام پوشیدہ ہے یہ دن یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی قسمت کے فیصلے ووٹ کی پرچی سے ہوں گے، پاکستان کے نمائندے وہی ہوسکتے ہیں جنہیں ووٹرز سند نمائندگی دیں۔


71 ویں یوم آزادی پر صدر اور نگران وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد۔ صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کرکے ملک کو درپیش مسائل کے حل سے نمٹا جاسکتا ہے۔


نگران وزیراعظم ناصر الملک نے کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے آباؤاجداد کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے سنہری اصولوں پر عمل کرکے ملک کو خود کفیل،مستحکم اور خوشحال بنا سکتے ہیں۔


چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے عہد کیا کہ پاکستان کو خطرات سے محفوظ بنائیں گے جبکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا آج کے دن ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کا عہد کرنا ہے۔