مقبوضہ اور آزاد کشمیر میں بھی یوم آزادی پاکستان جوش و خروش سے منایا جارہا ہے

مقبوضہ اور آزاد کشمیر میں بھی یوم آزادی پاکستان جوش و خروش سے منایا جارہا ہے
کیپشن: فائل فوٹو

سرینگر: مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں بھی یوم آزادی پاکستان جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین آل حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے پاکستان کو یوم آزادی کی مبارک باد دی، کہتے ہیں پاکستان نے سیاسی، سماجی اور سفارتی سطح پر کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے۔
حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ پاکستانی قوم کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کتنی قربانیوں سے پاکستان وجود میں آیا۔


وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے یوم آزادی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پیغام دیا کہ جدوجہد آزادی میں پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔


سپریم کورٹ آزاد کشمیر مظفر آباد میں جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کشمیر کی عوام کی طرف سے کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا 366 فٹ لمبا سبز ہلالی پرچم تیار کیا گیا۔ ایسے موقع پر فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔ میرپور سمیت مختلف اضلاع میں بھی یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے۔