مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں نےپاکستان کا یوم آزادی منا کر بھارتی فوج کے دانت کھٹے کر دیئے

مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں نےپاکستان کا یوم آزادی منا کر بھارتی فوج کے دانت کھٹے کر دیئے
کیپشن: image by facebook

سری نگر: بھارتی فوج کے مظالم مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں کو پاکستان کا جشن آزادی منانے سے نہ روک سکے، بارہ مولا کے مرکزی چوراہے پر کشمیری نوجوان سبز ہلالی پرچم لہراتے رہے، سری نگر اور اننت ناگ میں بھی طلبہ نے پاکستان کے جشن آزادی پر ریلیاں نکالیں۔


کشمیریوں کو پاکستان کا جشن آزادی منانے سے روکنے کے لیے بھارت نے مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا لیکن اس کے باوجود کشمیریوں نے پاکستان کی آزادی کا جشن منایا۔

یہ بھی پڑھیئے:سنیل گواسکر کے بعد کپل دیو نے بھی پی ٹی آئی کارکنوں کو حیران کر دیا
 
 
پاکستان کے 71 ویں جشن آزادی کے موقع پر بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جگہ جگہ فوجی تعینات کیے ، بھارتی فوجیوں کی جانب سے گاڑیاں روک کر شہریوں کی تلاشی لی جاتی رہی اور جلسے جلوس نکالنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

سری نگر کے لال چوک پر بھارت کی ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے کارکنوں کی جانب سے بھارتی پرچم لہرانے کی کوشش کی گئی جسے کشمیری عوام نے ناکام بنا دیا۔

دوسری جانب بھارت فورسز کی جانب سے کشمریوں کو یوم آزادی سے روکنے کے تمام تر اقدامات کے باوجود کشمیری طلبہ نے پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر ریلی نکالی اور بھارت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

حریت بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم اور حکومت کو مبارکباد دی ہے ، سید علی گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ترقی اور امن و استحکام کے لیے دعاگو ہیں اور کشمیری قوم سیاسی اور سفارتی حمایت پر پاکستان کی شکر گزار ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:عمران خان، شہباز شریف، بلاول بھٹو کی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد
 
 
حریت رہنما کا کہنا تھا کہ مستحکم پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ناگزیر ہے، عمران خان کی نئی آنے والی حکومت عدل و انصاف اور مدینہ جیسی سہولیات فراہم کرے ، حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھی پاکستان کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی بیان میں اپنی اور کشمیری قوم کی طرف سے پاکستان کو آزادی کی مبارکباد دی ، مشعال ملک کا کہنا تھا کہ یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کتنی قربانیوں سے پاکستان وجود میں آیا،  آزادی کی قیمت کشمیری ماؤں سے پوچھیں جنہوں نے اپنے بیٹے قربان کیے، جب بھی کوئی دیس آزادی مناتا ہے تو دل سلگ اٹھتا ہے اور کشمیر بہت یاد آتا ہے۔