کشمیر پر پاکستان کا سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے لیے خط

کشمیر پر پاکستان کا سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے لیے خط
کیپشن: image by twitter

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے صدر کو ایک مکتوب ارسال کر دیا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ سلامتی کونسل کا خصوصی ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے جس میں بقول اس کے بھارت کے ان اقدامات پر، جنہیں وہ غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی سمجھتا ہے انہیں زیر بحث لایا جائے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس پیش رفت کا اعلام ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔ یہ خط اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے صدر سیکورٹی کونسل کو بھجوا دیا ہے جس میں پاکستان نے درخواست کی ہے کہ یہ خط فی الفور سکیورٹی کونسل کے تمام اراکین تک پہنچایا جائے۔

اقوام متحدہ سے رجوع کا فیصلہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس، نیشنل سکیورٹی کمیٹی اور وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں کابینہ نے کیا تھا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ فی الفور چین سے مشاورت کے لیے بیجنگ گئے اور چینی حکام سے مشاورت کی۔ ’ہمیں چینی حکام کو قائل کرنے اور اپنا موقف سمجھانے میں کامیابی ہوئی اور انہوں نے پاکستان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔

ان کے بقول چین یہ سمجھتا ہے کہ بھارت کا حالیہ اقدام غیر آئینی، یکطرفہ اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔