تمام پاکستانی، ملک کو خوشحال اور پُرامن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں: عمران خان

Independence Day, Pakistanis, country, prosperous, peaceful, Imran Khan

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اندرون ملک اور بیرون ملک تمام پاکستانی ، ملک کو قابل فخر ، خوشحال اور پُرامن ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سمیت دیگر سیاسی قائدین کی جانب سے قوم کو مبارک باد پیش کی گئی ۔

صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ کتنی مشکلات سے آزادی حاصل کی گئی ۔ اللہ نے مسلمانوں کو مشکل سے نکالا اور جینے کا حق دیا ۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد مختلف حیلے بہانوں سے ہم پر 3 جنگیں مسلط کی گئیں ۔ برصغیر اور اس خطے میں اسلحے کی دوڑ شروع کر دی گئی ۔ ان حالات میں پاکستان کا جوہری طاقت بننا بڑی کامیابی ہے ۔

عارف علوی نے کہا کہ بھارت کو کہا گیا آؤ غربت کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کرتے ہیں ۔ بھارت کو ایک بار پھر امن کی پیشکش کرتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم آزادی دراصل یوم تشکر اور یوم تجدید عہد ہے ، تحریک پاکستان کے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بابائے قوم اور قیام پاکستان کی جدوجہد کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین نے دعا کی کہ خدا اس پرچم کو سلامت رکھے اور آزادی کی نعمتیں تاقیامت میسر رہیں ۔