جشن آزادی کے موقع پر گوگل نے اپنا ڈوڈل پاکستان کے نام کر دیا

جشن آزادی کے موقع پر گوگل نے اپنا ڈوڈل پاکستان کے نام کر دیا

اسلام آباد: پاکستان کے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر گوگل نے اپنا ڈوڈل پاکستان کے نام کردیا۔

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے پاکستان کا جشن آزادی عالمی دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے اپنے لوگو کو جسے کمپنی ڈوڈل کا نام دیتی ہے اسے پاکستان کے جشن آزادی کی مناسبت سے تبدیل کردیا۔

گوگل نے اپنے ڈوڈل میں صوبہ پنجاب کے شہر بہالپور شہر سے تقریباً 80 کلو میٹر دور صحرائے چولستان میں قلعہ ڈیراور کی تصویر دکھائی ہے۔ یہ قلعہ عرف عام میں قلعہ دراوڑ کی نام سے بھی جانا جاتا ہے مگر آزاد ریاستِ بہاولپور کے آخری حاکم نواب سر صادق محمد عباسی کے نواسے صاحبزادہ قمر الزماں عباسی، جو اب اس قلعے کے نگہبان بھی ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس کا اصل نام قلعہ ڈیراور ہے اور اپنی کتاب میں انہوں نے یہی نام استعمال کیا ہے۔

آپ آج جیسے ہی گول سرچ انجن میں جائیں گے تو آپ کے سامنے جو پیج کھلے گا اس پر آپ کو یہ تصویر نمایاں نظرآئے گی۔

جب آپ اس تصویر پر کلک کریں گے تو گوگل انٹرنیٹ پر موجود پاکستان کے یومِ آزادی سے متعلق زیادہ سرچ کی جانے والی تمام تر معلومات آپ کے سامنے رکھ دیتا ہے۔