صدر ڈاکٹر عارف علوی تین روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے

صدر ڈاکٹر عارف علوی تین روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے
سورس: فائل فوٹو

استنبول : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ترکی کے تین روز ہ سرکاری  دورے پر استنبول پہنچ گئے  ہیں ۔ ترک قیادت سے دوطرفہ تعلقات ،مشرق وسطٰی و افغانستان کی صورتحال پر  تبادلہ خیالات کریں گے۔ 

 نیونیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تین روزہ دورے پر ترکی پہنچنے تو استنبول کے گورنر علی یرلکایا، اعلیٰ ترک حکام اور ترکی میں پاکستانی سفیر سائرس قاضی نے اتاترک ایئرپورٹ پر صدر مملکت کا استقبال کیا۔

صدر مملکت کی آمد پر ترک مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔صدر مملکت ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر 14 سے 16 اگست تک ترکی کا دورہ کر رہے ہیں۔

 اپنے قیام کے دوران صدر مملکت ترک صدر کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ دونوں صدور پاکستان نیوی کے لیے ترکی کی جانب سے تیار کی جانے والی پہلی ملجم کلاس کورویٹ کا افتتاح بھی کریں گے۔ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے صدر مملکت معروف ترک تاجروں سے ملاقات بھی کریں گے۔