پارلیمنٹ کی راہداریوں میں پانامہ ہنگامے کی گونج، حکومت اور اپوزیشن آج پھرآمنے سامنے

پارلیمنٹ کی راہداریوں میں پانامہ ہنگامے کی گونج، حکومت اور اپوزیشن آج پھرآمنے سامنے

اسلام آباد: پاناما کا طوفان پارلیمنٹ سے ٹکرانے کیلئے تیار ہے۔  قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا ، پی ٹی آئی ،  پیپلزپارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے کمر کس لی ۔  تحریک انصاف وزیر اعظم کی تقاریر کے حوالے تحریک التوا بھی پیش کرے گی ۔ دوسری جانب حکومتی مورچوں میں بھی بھرپور جوابی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے ۔

کپتان کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے اعلان کے بعد آج ہونے والا اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کاامکان ہے۔عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پارلیمنٹ جانے کا فیصلہ وزیراعظم کی جھوٹی تقاریر پر تالیاں بجانے کیلئے نہیں کیا،ایوان میں خاص مقصد کیلئے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی نے بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی بھرپور تیاری کرلی ہے۔  اپوزیشن لیڈر نے وزیر اعظم کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپنے بیان کو غیرسنجیدہ قرار دینے پر تحریک استحقا ق بھی جمع کرادی ہے۔خورشید شاہ کا موقف ہے کہ وزیر اعظم کی اس بیان سے ایوان کاتقدس محروح ہوا ہے۔پانامہ پر اپوزیشن کے وار روکنے کےلیے حکومتی مورچے بھی سج گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ارکان وزیر اعظم کی تقریرکا بھر پور دفاع کریں گے ۔