فاروق ستار نے پارٹی چھوڑنے والے ارکان اسمبلی کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا

فاروق ستار نے پارٹی چھوڑنے والے ارکان اسمبلی کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پارٹی چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی جانب سے جمع کرائے گئے ریفرنس میں پارٹی چھوڑنے والے 11 اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

ریفرنس میں 2 قومی اور 9 صوبائی اسمبلی کے ارکان شامل ہیں جن میں رکن قومی اسمبلی آصف حسنین اور سلمان بلوچ بھی شامل ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی، شیخ عبداللہ، خالد بن ولایت، ارتضیٰ خلیل، ندیم راضی، عبدالرزاق، عارف مسیح اور بلقیس مختیار کی نااہلی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔

ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تمام اراکین نے ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے اس لئے انہیں ڈی سیٹ کیا جائے۔

یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سلمان بلوچ نے 8 دسمبر کو پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا جب کہ آصف حسنین نے گزشتہ سال 28 اگست کو پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں