حکمرانوں نے ہر کسی کی زندگی مشکل بنا دی ہے : پرویز الٰہی

حکمرانوں نے ہر کسی کی زندگی مشکل بنا دی ہے : پرویز الٰہی


لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ہر کسی کی زندگی مشکل بنا دی ہے کیونکہ وہ ویژن اور عوامی خدمت کے جذبے سے محروم ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہمارے 1122 سمیت بہت سے منصوبوں کو بند کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔


ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور ہمیشہ عام اور غریب آدمی رہا ہے اس لیے ہم نے محروم طبقوں کیلئے خصوصی فلاحی کام کیے، پنجاب میں میٹرک تک مفت تعلیم و کتابیں، ایمرجنسی میں مفت ادویات اور بچوں کیلئے وظیفہ مقرر کیا، چائلڈ لیبر کے حوالے سے قانون سازی کر کے بھیک مانگنے والے بچوں کیلئے ادارے بنائے جہاں انہیں تعلیم دی جاتی تھی، صرف لاہور میں بچوں سے بھیک منگوانے والے 14 گینگ پکڑ کر ان کو سزائیں دلوائیں، چائلڈ پروٹیکشن بیورو بنایا۔


انہوں نے کہا کہ ہم نے جو کام کیے وہ شہبازشریف نہ چاہتے ہوئے بھی جاری رکھنے پر مجبور ہیں، پولیو کا شکار بچوں کو مفت وہیل چیئر، سننے والے آلات، فری ٹرانسپورٹ فراہم کی، سپیشل بچوں کو سال میں چار مفت یونیفارم دی جاتی تھیں، ان کو پڑھانے کیلئے اساتذہ کی تنخواہیں دوگنا کر دیں، ریسکیو 1122 سروس کا آغاز کیا جو آج بھی بڑی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔