'نیب جب ضروری سمجھے گا حمزہ شہباز کو بھی گرفتار کر لے گا'

'نیب جب ضروری سمجھے گا حمزہ شہباز کو بھی گرفتار کر لے گا'
کیپشن: خواجہ برادران کو نیب میں من پسند کھانے فراہم نہیں کئے جا سکتے، فیاض الحسن چوہان۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل فیس بُک اکاؤنٹ

لاہور: پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان ایک بار پھر مخالفین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کہتے ہیں خواجہ برادران ہیپی برتھ ڈے منانے نہیں گئے انہیں کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب جب ضروری سمجھے گا حمزہ شہباز کو بھی گرفتار کر لے گا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ خواجہ برادران حوصلہ دکھائیں کیونکہ انہوں نے جس استقامت سے کرپشن کی اسی استقامت کا اب بھی مظاہرہ کریں۔ خواجہ برادران جیل ہیپی برتھ ڈے منانے نہیں گئے انہیں کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے من پسند کھانے فراہم نہیں کئے جا سکتے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ افسوس ہے مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں پروڈکشن آرڈر کا قانون منظور نہیں کیا اور اب یہ پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر واویلا مچا رہے ہیں ۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ پروڈکشن آرڈر کے مسئلے پر کام کیا جائے۔

واضح رہے ان دنوں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نیب کی حراست میں ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کو بھی گزشتہ دنوں بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا تھا۔