سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط پاکستان کو دیدی

سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط پاکستان کو دیدی
کیپشن: سعودی پیکج کے تحت ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں پاکستان کو ملے گی، وزارت خزانہ۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کی معاشی حالت میں استحکام آنے لگا اور وزیراعظم عمران خان کے بیرون ممالک کے دوروں کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔ سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط بھی پاکستان کو منتقل کر دی ہے جس کے بعد اسٹیٹ بینک میں زرمبادلہ کے ذخائر 9.26 ارب ڈالر ہو گئے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی پیکج کے تحت ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں پاکستان کو ملے گی۔گذشتہ ماہ نومبر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول ہونے کی تصدیق کی تھی۔

واضح رہے کہ رواں برس 23 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو 12 ارب ڈالر کا امدادی پیکج دینے پر رضا مند ہو گیا ہے۔

دورے کے دوران پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خزانہ محمد عبداللہ الجدان کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق سعودی عرب نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر ایک سال کے لیے ڈپازٹ کرے گا جس کا مقصد ادائیگیوں کے توازن کو سہارا دینا ہے۔ اب ان میں سے 2 ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں آ چکے ہیں۔