وزیر اعظم نے پشاور میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا

وزیر اعظم نے پشاور میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا
کیپشن:   افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا ہے۔ شیلٹر ہوم پشاور کے پاجاگی روڈ پر قائم کیا گیا ہے جہاں بے گھر افراد کو چھت فراہم کی جائے گی۔

شیلٹر ہوم میں عام لوگوں کے لیے گھر جیسا ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ خصوصی افراد کے لیے بھی الگ سے راستہ بنایا گیا ہے۔شیلٹر ہوم کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے شیلٹر ہوم کا دورہ کیا جہاں انہیں منصوبے کی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ے گھر افراد کو اس شیلٹر ہوم میں کھانا اور طبی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ خصوصی افراد کو وہیل چیئرز بھی مہیا کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ شیلٹر ہوم میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی جبکہ اس شیلٹر ہوم میں تقریباً 200 افراد رہ سکیں گے۔وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر پشاور میں ہیں جہاں وہ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کریں گے اور صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس میں متعلقہ وزرا کی جانب سے اپنی متعلقہ محکموں کی 100 روزہ کارکردگی پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم خیبرپختونخوا کے 100 روزہ منصوبے سے متعلق نشتر ہال پشاور میں تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔