اسلام آباد پولیس کو ماڈل پولیس بنائیں گے، نئے پاکستان میں قانون سب کے لئے برابر ہے ، شہریارآفریدی

اسلام آباد پولیس کو ماڈل پولیس بنائیں گے، نئے پاکستان میں قانون سب کے لئے برابر ہے ، شہریارآفریدی
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو ماڈل پولیس بنائیں گے، پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہی ہوں گے، نئے پاکستان میں قانون سب کے لئے برابر ہے ، کوئی بھی بڑا شخص قانون سے بالا تر نہیں ہے، جو لوگ کہتے تھے کہ ہم فائلوں کو ٹائر لگاتے ہیں،  ان کی نفی کا نام نیا پاکستان اور اسلام آباد پولیس ہے،  ہر قانو ن شکن پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے جمعہ کو پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں ڈی ایس پیز، انسپکٹر، سب انسپکٹر سمیت 183افسران و جوانوں کی ترقی کے ضمن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی عزت ہماری پہلی ترجیح ہے، اسلام آباد پولیس دنیا کی بہترین پولیس ثابت ہو گی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ریاست پولیس کے پیچھے کھٹری ہے چاہے تجاوزات ہوں، قبضہ مافیا ہو، ڈرگ مافیا ہو  یا بڑے مافیا کے خلاف کارروائی ہو، وزیر داخلہ آپ کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ٹرانسفر کے خوف کے بغیر انکوائری کی جائے، یہی نئے پاکستان میں پیغام ہے۔  13کے قریب اسلام آباد پولیس کے لوگ جو پیسے سے اپنے ضمیر کو بیچتے تھے ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا   کہ میرے سمیت کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ جس طرح بلوچستان میں سرنڈر کرنے والوں کو ہم گلے لگاتے ہیں اسی طرح چاہے وہ منظور پشتین ہے، چاہے وہ پی ٹی ایم سے جتنے جڑے ہوئے لوگ ہیں، ریاست ان کو عزت دے گی اور گلے لگائے گی لیکن ساتھ ہی ساتھ وہ لوگ کسی اور ایجنڈے میں ملکی مفادات کے خلاف استعمال ہوکر میرے ملک کے اندر انتشار کا سبب بنیں گے یا قانون کو چیلنج کر یں گے تو پھر وہ یاد رکھیں یہ ملک سب کچھ کر سکتا ہے لیکن دھرتی ماں پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے لیکن ان کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پولیس ریفارمز ، ماڈل پولیس بنانا، پولیس کی تعلیم اور صحت ، پولیس کا رویہ چاہے وہ سگنل پر ہو ، ناکے پر ہو ، تھانے پر ہو تمام پولیس والوں کو اپنا رویہ درست کرنا ہو گا۔