سعد رفیق کو 30 سال سے جانتا ہوں وہ کرپٹ نہیں ہیں ،حکومتی رکن قومی اسمبلی

سعد رفیق کو 30 سال سے جانتا ہوں وہ کرپٹ نہیں ہیں ،حکومتی رکن قومی اسمبلی
کیپشن: فوٹو بشکریہ ریاض فتیانہ فیس بک

 اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے احتجاج کے بعد حکومتی رکن قومی اسمبلی بھی خواجہ سعد رفیق کے حق میں بول پڑے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کا کہنا ہے کہ میں خواجہ سعد رفیق کو پچھلے 30 سال سے جانتا ہوں پیراگون سوسائٹی کیس میں مجھے کرپشن کا کوئی معاملہ نظر ہی نہیں آتا ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پارٹی کی رائے نہیں بلکہ یہ میری ذاتی رائے ہے ۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کو انصاف ملنا چاہیئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ نیب سیاستدانوں کیخلاف استعمال ہو رہی ہے ۔نیب میں صرف ان لوگوں کیخلاف کارروائی ہو رہی ہے جنہوں نے کرپشن کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو کرپشن کے خلاف اعلانِ جنگ کے ہی تو ووٹ پڑے ہیں اور ہماری جماعت کرپشن کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔

خیال رہے کہ ان دنوں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں اور نیب نے ان کیخلاف 10 روزہ جسمانی ریمانڈ  بھی حاصل کر رکھا ہے۔