شاہد خاقان عباسی کا پی ڈی ایم جلسے میں 1 لاکھ افراد کی شرکت کا دعویٰ

Shahid Khaqan Abbasi claims participation of 1 lakh people in PDM meeting

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنماشاہد خاقان عباسی نے پی ڈی ایم کے جلسے میں ایک لاکھ افراد کی شرکت کا دعویٰ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے پارٹی اجلاس میں صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 5 ہزار افراد صرف میرے حلقے سے آئے ،، تقریبا ایک لاکھ افراد نے کل کے جلسے میں شرکت کی ۔


دوسری جانب مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں پی ڈی ایم کا اہم اجلاس آج جاتی امرا لاہور میں ہوگا جس کی میزبانی مریم نواز کریں گی،رائیونڈ میں منعقد ہونے والا پی ڈی ایم کایہ پہلا سربراہی اجلاس ہے جبکہ اجلاس میں لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کیاجائے گا ۔


پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں ’چارٹر آف پاکستان‘ کی منظوری دی جائے گی ،سربراہی اجلاس میں پارٹی قائدین پی ڈی ایم کے مستقبل کے فیصلہ کن اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیں گے جبکہ لانگ مارچ، حکومت کو گھربھجوانے کے مقصد کے حصول کے فیصلہ کن لائحہ عمل کے پہلووں پر غور ہوگا۔


یاد رہے کہ گزشتہ روز مینار پاکستان پر ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ مینار پاکستان کے گراﺅنڈ کو بھر دیا ہے اور جو لوگ کہتے تھے کہ ان کے جلسے میں کوئی بھی بندہ نہیں آئے گا لیکن لوگوں کو سمند ر آ گیا کیونکہ حکمران فرعون کے لہجے میں کہتے تھے مینار پاکستان بھر کر دکھائو اور مینار پاکستان کے گردونواح کی سڑکوں پر عوام ہی عوام ہیں کیونکہ ہزاروں لوگ پنڈال میں نہیں آ سکے جبکہ عمران خان کہتے تھے کرسیاں دینے والوں کیخلاف مقدمات درج کریں گے۔


ان کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ لاہور چاروں صوبوں کو جوڑے گا اور لاہوریوں نے مینار پاکستان کے سائے تلے تاریخ رقم کی ہے۔ مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خدائی لہجے میں کہتے تھے این آر او نہیں دوں گا لیکن کامیاب تحریک دیکھ کر خود این آر او مانگ رہے ہیں جبکہ آٹا اور چینی مہنگی کرنیوالے کو این آر او نہیں ملے گا۔ لاہوریوں نے عوام دشمن حکومت کو مینار پاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک کر دفن کر دیا ہے۔