پی ایس ایل 7 سے دستبرداری کی وجہ پیسہ نہیں ہے: کامران اکمل

پی ایس ایل 7 سے دستبرداری کی وجہ پیسہ نہیں ہے: کامران اکمل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کا حصہ رہنے والے کامران اکمل نے کہا ہے کہ میں پیسے کی وجہ سے لیگ کے ساتویں سیزن سے دستبردار نہیں ہوا۔ 
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے ساتویں سیزن سے دستبرداری کی وجہ پیسہ نہیں ہے، میں عزت اوروقار کے ساتھ دو سے تین سال مزید کھیلنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے موقف پر قائم ہوں کہ سلور کیٹیگری میں مجھ جیسے سینئر کھلاڑی کو نہیں کھیلنا چاہیے جبکہ سہیل تنویر سمیت جو بھی لڑکے اس کیٹیگری میں کھیل رہے ہیں وہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔ پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ میں پلاٹینم سے گولڈ اور پھر سلور میں پک ہونے کا بہت افسوس ہوا اور کیٹیگریز میں تبدیلی کی وجہ بورڈ ہی بتا سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کی طرف سے عمر کو جواز بنانے کی مخالفت کرتے ہوئے کامران اکمل نے موقف اختیار کیا کہ اس معاملے کو عمر کے لحاظ سے دیکھنا ٹھیک نہیں ہے کیونکہ کیٹیگریز کارکردگی، سینیارٹی اور فٹنس کی بنیاد پر بنتی ہیں۔