پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا، نجم سیٹھی

پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا، نجم سیٹھی

دبئی:غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں یا نہ آئیں پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔ چیف ایگزیکیٹو   پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان ہی ہو گا۔ چاہے اس کے لیے کوئی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں یا نہ آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور پنجاب حکومت کی شدید خواہش ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہورمیں ہی ہو ۔اور اس کے لیے ہم حکومت کے ساتھ مسلسل  رابطے میں ہیں۔ کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی ملے گی۔ 

 چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ لاہور دھماکے کا بہت زیادہ صدمہ ہوا ہے. انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہمارے عوام کا اثاثہ ہے جس سے ان کی امیدیں جڑی ہیں۔ ہم سب کا عزم تھا کہ ہم پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کریں گے حالانکہ سب کو مشکلات کا احساس تھالیکن اس کے باوجود ہم مطمئن تھے کہ سیکیورٹی کا مسئلہ حل کرلیں گے۔ کھیلوں کی کچھ عالمی تنظیموں نے پاکستان آئے بغیر ہی پاکستان کے بارے میں فتوے جاری کردیے لیکن ہم نے کوشش کرکے بہت سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو رضا مند کرلیا تھا . اب لاہور دھماکے کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں میں شک اور خوف کی لہر ضرور پیدا ہوئی ہے جسے ختم کرنے کیلئے ہمیں نئے سرے سے کام کرنا ہوگا۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آج کے دھماکے کے باوجود پنجاب حکومت اور ہم پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرکے دکھائیں گے اور دہشتگردوں کو کہیں گے تمہاری ایسی کی تیسی۔ پاکستانیوں سے سوال کروں گااگر غیر ملکی کھلاڑی نہیں مانتے تو کیا پھر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فائنل لاہور میں کرادیا جائے؟ اس بارے میں مجھے عوام کی رائے جاننا ہوگی جس کا مجھے میڈیا کے ذریعے پتا چل جائے گا۔