لاہور: مال روڈ خود کش دھماکے کا مقدمہ درج،وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش

لاہور: مال روڈ خود کش دھماکے کا مقدمہ درج،وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش

لاہور: مال روڈ خود کش دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں  درج کرلیا گیا جبکہ حملہ آور کے جسمانی اعضا فرانزک لیب بھجوادیئے گئے ،دوسری جانب وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے گنگا رام اور سروسز اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی ہے،شہباز شریف کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  خود کش حملہ آور کا ہدف وزیر اعلیٰ کا قافلہ تھا  جس میں ناکامی پر حملہ آور ہجوم میں پیدل گھسا اور خود کو اڑا لیا ۔

وزیراعلیٰ کو پیش کی جانے والی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور کا ہدف  ان کا قافلہ ہی تھا جو وہاں سے پانچ بجے کے قریب گزرنا تھا۔خودکش حملہ آور 5بجے سے چیئرنگ کراس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ارد گرد منڈلا رہا تھا ۔  6بجکر 10منٹ پر وہ پیدل چیئرنگ کراس پر ہجوم میں گھسااور خود کو اڑا لیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دھماکے میں چھ سے آٹھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ زیادہ اموات اموات بال بیرنگ لگنے سے ہوئیں۔ رپورٹ میں حملہ آور کی عمر بیس سال کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔

ادھروزیر اعلیٰ شہباز شریف نے گنگارام اور سروسز اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں،
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے انجام سے بچ نہیں سکتے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق  پندرہ زخمیوں کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔
خود کش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں دہشت گردی قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔دوسری جانب ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ شام پانچ بجے وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے دھماکے والی جگہ سے گزرناتھا تاہم صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ نےانہیں تاخیرسے پہنچنے کا مشورہ دیا۔

مصنف کے بارے میں