امریکا سے باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں، احسن اقبال

امریکا سے باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں، احسن اقبال

نیو یارک: امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جاتا ہے اور دہشتگردی کے مسئلہ کے حل کے لیے عسکری کے ساتھ سیاسی حل بھی ہونا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے اور امریکا سے باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستانی مفادات کیخلاف کوئی سازش یا کوشش ہوئی تو جواب دیا جائے گا جبکہ پاکستان امداد نہیں تجارت چاہتا ہے اور ترقیاتی شراکت داری کے خواہاں ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے ضروری ہے پاکستان اور امریکا مل کر کام کریں کیونکہ امریکا کو جنوبی ایشیا اور افغانستان کو مختلف انداز سے دیکھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دیں۔ گزشتہ چند سال میں پاکستان نے 60 ہزار سے زائد جانیں دیں۔ دہشتگردوں سے جنگ میں پاکستانی معیشت کو 25 ارب ڈالر سے زائد نقصان اٹھانا پڑا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں معمولی امریکی امداد ملی جبکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ امریکی امداد کیلئے نہیں بلکہ عوام کے تحفظ کیلئے لڑی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں