امریکہ اور طالبان کے مذاکرات کا اگلا دور 18 فروری کو پاکستان میں ہوگا

امریکہ اور طالبان کے مذاکرات کا اگلا دور 18 فروری کو پاکستان میں ہوگا
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

کابل:امریکہ اور طالبان کے درمیان افغانستان میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئے ہونے والے مذاکرات کا اگلا دور 18 فروری کو اسلام آباد میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں 17 سال سے جاری امریکی اتحادی افواج اور طالبان کے درمیان جاری لڑائی ختم کرنے اور امن کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 18 فروری کو اسلام آباد میں ہوگا۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے جاری کردہ بیان میں اس کی تصدیق کی ہے۔

اس سے قبل قطر میں امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات ہوچکے ہیں اور پاکستان میں مذاکرات کے بعد 25 فروری کو دوبارہ دونوں فریقین قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مزید بات چیت کریں گے۔

جاری بیان کے مطابق طالبان کا وفد وزیرِ اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کرے گا، اس طرح سال 2001 کے بعد طالبان وفد کی کسی پاکستانی وزیرِ اعظم سے یہ پہلی ملاقات بھی ہوگی۔