پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ، موسم مزید سرد

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ، موسم مزید سرد
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

لاہور :پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم کی شدت بڑھ گئی جبکہ فیصل آباد، خانیوال، حافظ آباد اور گرد و نواح میں بارش ہوئی جس کے بعد موسم سہانا ہوگیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ، بھکر، میاں چنوں، پاکپتن اور قصور شہر اور گرد و نواح میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ، صوابی اور گرد و نواح میں بادل خوب جم کر برسے جس نے موسم کی شدت بڑھا دی ایبٹ آباد میں رم جھم جاری رہی جب کہ بالائی علاقے ضلع استور میں چوتھے روز بھی برفباری ہوئی جس کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی، ہٹیاں، نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی اضلاع کے میدانی علاقوں میں بارش کے بعد موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا۔

بلوچستان میں بھی رم جھم جاری رہی اور موسم سرد ہو گیا۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔

تاہم راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔