چوہدری شوگر ملز کیس، نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

چوہدری شوگر ملز کیس، نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

لاہور: لندن میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل نے ان کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس احتساب عدالت میں جمع کرادیں۔

احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی جس میں نواز شریف کی صحت سے متعلق ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کی میڈیکل رپورٹس جمع کرائی گئیں۔

نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کی طبیعت تاحال نا ساز ہے، ان کا علاج معالجہ جاری ہے اور وہ صحت یاب ہوتے ہی ٹرائل کا سامنا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک کلینکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں اور ان کے فروری کے آخری ہفتے میں مختلف چیک اپ ہونے ہیں لہذا وہ زیر علاج ہونے کے باعث پاکستان کا سفر نہیں کر سکتے۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔