ترک صدر طیب اردگان متحدہ عرب امارات کے دورہ پر پہنچ گئے 

Tayyab Erdogan,Turk President, Visit Dubai,

ابوظہبی :ترک صدر طیب اردگان دورروزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے جہاں ان کا استقبال ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے کیا ،ترک صدر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔

گلف میڈیا رپورٹس کے مطابق گلف ممالک کے بدلتے حالات میں طیب اردگان کا دورہ متحدہ عرب امارات انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،ترک صدر کے دورہ ابوظہبی میں دونوں ممالک کے درمیان زمینی رابطے کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق اس دورے میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لئے   جلد ہی  دونوں ممالک کے درمیان سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے،ترکی کے صدر رجب طیب اردگان تقریباً ایک دہائی میں پہلی بار متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہے ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان ہر گزرتے دن کیساتھ تعلقات میںبہتری آ رہی ہے ۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں سے لگتا ہے کہ انقرہ اور ابوظہبی تعلقات پہلے سے بہتر کر رہے ہیں ،متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل ترک صدر نے کہا تھا کہ اس دورے کا مقصد متحدہ عرب امارات کیساتھ دوستی بھائی چارے کے اگلے 50سالوں کو مزید مضبوط کرنا ہے ۔

اردگان نے کہا کہ ہم خلیجی خطے میں تمام برادر ممالک کی سلامتی اور استحکام کو اپنے سے الگ نہیں سمجھتےاورمیرے اس دورے کا مقصد خطے کے امن و استحکام کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔