پی ایس ایل کا سنسنی خیز میچ سے آغاز ، ملتان ایک رن سے ہار گیا 

پی ایس ایل کا سنسنی خیز میچ سے آغاز ، ملتان ایک رن سے ہار گیا 
سورس: Twitter

ملتان : پاکستان سپر لیگ 8 کے افتتاحی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دے دی ہے۔  ملتان سلطانز 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 174 رنز بناسکی۔ 

ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ پر 12 اعشاریہ 2 اوورز میں 100 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ کو تقریباً یکطرفہ کردیا تاہم لاہور قلندرز کے باؤلرز نے ہمت نہ ہاری۔ شان مسعود 100 کے مجموعے پر 35 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، 131 کے اسکور پر لاہور قلندرز کو بڑی وکٹ مل گئی، 50 گیندوں پر 75 رنز بناکر محمد رضوان میدان چھوڑ گئے۔

19ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈیوڈ ملر 25 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوئے تو میچ ملتان سلطانز کے ہاتھوں سے پھسلنا شروع ہوگیا۔ آخری اوور کی دوسری گیند پر کیرون پولارڈ 20 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے تو لاہور قلندرز کی جیت کی امیدیں روشن ہوگئیں، اگلی ہی گیند پر عثمان خان بغیر کوئی رن  بنائے پویلین لوٹ گئے۔

آخری 2 گیندوں پر ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 10 درکار تھے، لیکن خوشدل شاہ ان دونوں گیندوں پر صرف باؤنڈری ہی لگاسکے اور یوں میزبان ٹیم صرف 1 رنز شکست کھا گئی۔ لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی، حسین طلعت، زمان خان اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 176 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 175 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی اوپننگ جوڑی پہلے ہی میچ میں چل گئی۔ فخر زمان اور مرزا طاہر بیگ کی صورت میں اولین بلے بازوں نے 61 رنز کی شراکت قائم کی۔

طاہر بیگ 26 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے اس دوران 5 چوکے لگائے، انہیں اکیل حسین نے پویلین کی راہ دکھائی۔  مین آف دی میچ فخر زمان نے 66 رنز کی باری کے دوران 5 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔ انہیں اُسامہ میر نے پویلین بھیجا۔

مصنف کے بارے میں