اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پاور آف اٹارنی کی آٹومیشن سروس شروع

اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پاور آف اٹارنی کی آٹومیشن سروس شروع

اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے”پاور آف اٹارنی“ کی آٹومیشن سروس کا افتتاح کیا۔

وزیر خارجہ نے تقریب سے خطاب میں آٹومیشن سروس کے افتتاح کو سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ایک بڑے قدم کی تکمیل قرار دیا۔ انہوں نے ان تمام لوگوں کو بھی مبارکباد پیش کی جنہوں نے اس منصوبے کو حقیقت بنانے میں مدد کے لیے سخت محنت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاور آف اٹارنی کی خود کار تصدیق کے لیے آٹومیشن سروس اوورسیز پاکستانیوں کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔ آٹومیشن سروس سے ان لوگوں کو سہولت ملے گی جنھیں مختلف شہروں اور دور دراز مقامات سے مشن تک طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ خودکار تصدیقی نظام لاگت کو کم کرے گا اور دہلیز پر خدمات فراہم کرکے پریشانی کو کم کرے گا۔

واضح رہے کہ پاور آف اٹارنی کی آٹومیشن سروس نومبر 2021 میں امریکا اور برطانیہ میں دس پاکستانی مشنز/سب مشنز میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کی گئی تھی۔ خودکار تصدیقی نظام کی سروس اب عالمی سطح پر بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کے لیے دستیاب ہوگی۔

افتتاحی تقریب وزارت خارجہ میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، پارلیمانی سیکرٹری برائے امور خارجہ سید حسین طارق اور سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان بھی شریک ہوئے۔ پاور آف اٹارنی کی آٹومیشن سروس کی افتتاحی تقریب میں نادرا کے چیئرمین ڈاکٹر محمد طارق ملک بھی موجود تھے۔

مصنف کے بارے میں