انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر گورنر اور ای سی پی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر 

انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر گورنر اور ای سی پی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر 

لاہور: عدالت عالیہ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور گورنر پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق عدالتی احکامات کے باوجود پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے کے معاملے پر شہری منیر احمد کی جانب سے ای سی پی اور گورنر پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن درخواست پر کل سماعت کریں گے۔ 
شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو گورنر سے مشاورت کے بعد الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دیا مگر عدالتی احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے وفد نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہاؤس پنجاب میں ملاقات کی تاہم اس دوران انتخابات کی تاریخ پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ 
 گورنر پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ سے فیصلے کی تشریح کیلئے رجوع کرنے کا فیصلہ ہے اور ہائیکورٹ سے سنگل بینچ کے فیصلے کے قانونی دائرہ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھیں گے کہ الیکشن کی تاریخ سے متعلق فیصلہ گورنر پر کیسے لاگو ہوتا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں