امریکا: نَگِٹ لوٹنے کی کوشش، 12 سالہ بچہ گرفتار

نیو یارک شہر کے ایک 12 سالہ بچے نے ایک چکن نگٹ نہ دینے پر اپنی ہم جماعت پر پستول تان لی

امریکا: نَگِٹ لوٹنے کی کوشش، 12 سالہ بچہ گرفتار

نیو یارک:   نیو یارک شہر کے ایک 12 سالہ بچے نے ایک چکن نگٹ نہ دینے پر اپنی ہم جماعت پر پستول تان لی۔ پولیس کے مطابق بچے نے ہیرلم میں واقع ایک فاسٹ فوڈ سینٹر میں داخل ہو کر بچی کے پاس موجود چکن نگٹس میں سے ایک دینے کا مطالبہ کیا جب بچی نے اپنے نگٹس دینے سے انکار کیا تو نگٹ کے شوقین 12 سالہ لڑکے نے قریب واقع ایک سب وے اسٹیشن تک خاموشی سے بچی کا پیچھا کیا۔ سب وے اسٹیشن کے نزدیک پہنچ کر بچے نے اپنے پاس موجود پستول نکال کر بچی کے سر پر رکھی اور اس سے نگٹ دینے کا مطالبہ دہرایا لیکن بچی باضد رہی۔

اس نے گن کو دور پھینک کر بچے کو دور جانے کا کہا اور وہاں سے فوری طور پر نکل گئی۔ بعد ازاں بچی نے اس سارے واقعے کی تفصیل اپنے اسکول کی انتظامیہ کو بتائی جس کے بعد 12 سالہ بچے کو چوری کی کوشش کرنے کے الزام میں پولیس نے حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق اب تک بچے کی جانب سے تانی ہوئی گن مل نہیں پائی ہے اور نہ ہی اس بات کی تصدیق ہو سکی ہے کہ گن اصلی تھی یا کھلونا۔