چوہدری نثار کالعدم جماعتوں کے ترجمان بن گئے، سعید غنی

چوہدری نثار کالعدم جماعتوں کے ترجمان بن گئے، سعید غنی

کراچی:  پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کالعدم تنظیموں کے ترجمان بن گئے، پی پی شدت پسندوں کی مخالف ہے اور انہیں اسی بات کی تکلیف ہے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ چوہدری نثار علی کے بارے میں ہمارا موقف درست ثابت ہوا، وفاقی وزیر داخلہ کالعدم تنظیموں کے ترجمان بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی شدت پسندوں کی مخالف ہے اور چوہدری نثار کو بھی اسی بات کی تکلیف ہے، نواز حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں سنجیدہ نہیں ہے۔سعید غنی نے وفاقی وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے کمشین کی رپورٹ کے بعد چوہدری نثار علی خان کا عہدے پر رہنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔قبل ازیں چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھاکہ سب جانتے ہیں کہ پی پی کو مجھ سے کیوں تکلیف ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور فرقہ وارانہ تنظیموں میں فرق ہے تاہم کسی تنظیم کو ملک کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔