نواز شریف کی سزا معطلی کیخلاف نیب اپيل پر سماعت آج ہو گی

 نواز شریف کی سزا معطلی کیخلاف نیب اپيل پر سماعت آج ہو گی
کیپشن: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 19 ستمبر کو معطل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد : چيف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا اور بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار، جسٹس مشير عالم اور جسٹس مظہر عالم شامل ہیں۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے گذشتہ برس 6 جولائی کو نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 19 ستمبر کو معطل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نواز شريف کی سزا معطلی کے خلاف نيب نے سپريم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

گذشتہ سماعت پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی سزا معطلی کے فیصلے کو فقہ قانون کے خلاف قرار دیا تھا۔

چیف جسٹس نے اس کیس میں پیدا ہونے والے اہم آئینی نکات کے پیش نظر لارجر بینچ بنانے کا حکم دیا تھا جو آج اس معاملے کی سماعت کرے گا۔