جوہانسبرگ ٹیسٹ:پاکستان کو 107رنز سے شکست،جنوبی افریقہ نے سیریز میں وائٹ واش کردیا

جوہانسبرگ ٹیسٹ:پاکستان کو 107رنز سے شکست،جنوبی افریقہ نے سیریز میں وائٹ واش کردیا
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

جوہانسبرگ:جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 107رنز سے شکست دیکر وائٹ واش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق، جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں پاکستان اور پروٹیز کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلا گیا جس کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا اور پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 273رنز بنا  کر آؤٹ ہو گئی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے 381رنز ہدف کے تعاقب میں سرفراز الیون نے پروٹیز   بائولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی مگر وہ بھی کسی کام نہ آئی اور گرین کیپس کو 107رنز کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس طرح جنوبی افریقہ نے تینوں میچوں کی سیریز 0-3سے جیت کر وائٹ واش کردیا۔قومی ٹیم نے چوتھے روز   3 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو اسد شفیق 48 اور بابر اعظم 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا لیکن بابراعظم 21 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد آنے والے کپتان سرفراز احمد بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

اسد شفیق نے پروٹیز باؤلروں کے سامنے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی 179 کے مجموعی سکور پر ہمت ہار گئے، انہوں نے 11 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

اس سے قبل دوسری اننگز میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور شان مسعود نے ٹیم کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا، امام الحق 35، شان مسعود 37 اور آؤٹ آف فارم اظہر علی نے ایک مرتبہ پھر مایوس کن کارکردگی پیش کی اور صرف 15 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔

خیال رہے کہ  پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جب کہ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 262 اور دوسری میں 303 رنز بنائے۔