امید ہے کہ عارف علوی پاکستان کے بہترین صدر ثابت ہونگے،شاہد خاقان عباسی

امید ہے کہ عارف علوی پاکستان کے بہترین صدر ثابت ہونگے،شاہد خاقان عباسی
کیپشن: Image Source : INP

اسلام آباد :سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عارف علوی صاحب میرے ڈینٹسٹ رہ چکے ہیں اور وہ بہت اچھے ڈینٹسٹ تھے.انہوں امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے اب بہترین صدر بھی ثابت ہونگے ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے ماضی کے دورکا واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے مجھے زندگی میں بہترین مشورہ دیا ، 1998میں میرا دانت ٹوٹ گیا تھاجس پر میں یہ دانت نکلوانے کے لیے عارف علوی کے پاس گیا توانہوں نے پوچھا کہ آپ کو کوئی تکلیف ہے ،میں نے کہا نہیں تو انہوں نے جواب دیا پھر رہنے دیں۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کا علاج نہیں کروں گا کیونکہ اس دانت کو بچانے کے لیے آپ کے دو اور دانت ضائع کرنے پڑیں گے اورجو چیز انسان کو قدرت سے ملتی ہے اس سے بہتر کوئی چیز نہیں ہوتی۔

انہو ں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی کا شمار پاکستان کے بہترین ڈینٹسٹ میں ہوتا تھا ،امید ہے کہ وہ پاکستان کے بہترین صدر بھی ثابت ہونگے۔