بی جے پی رہنما کی ویکسین نہ لگوانے والے مسلمانوں کو پاکستان بھیجنے کی دھمکی

If Muslims don't trust India, they can go to Pak, says BJP's Sangeet Som
کیپشن: فائل فوٹو

نئی دہلی: بھارت کی حکمران جماعت بھارتہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما سنگیت سوم نے اپنے ملک کے مسلمانوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر وہ ویکیسن نہیں لگوانا چاہتے تو انھیں پاکستان چلے جانا چاہیے۔

ہندو انتہا پسند تنظیم کے رہنما نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ یہ ہمارے ملک انڈیا کی بدقسمتی ہے کہ یہ صرف مسلمان ہی ہیں جو ہم پر بھروسہ نہیں کرتے، یہ ہندوستان مسلمان پاکستان کو عزت دیتے ہیں، ان کی نظر میں پاکستان کی ہی عزت ہے۔ ہمارے وزیراعظم مودی، ہماری پولیس اور سائنسدانوں کی ان کی نظر میں کوئی وقعت نہیں، اگر مسلمان ایسا ہی کرنا چاہتے ہیں تو انھیں چاہیں کہ وہ انڈیا کو فوری طور پر چھوڑ دیں اور پاکستان جا کر بس جائیں۔

سنگیت سوم کی جانب سے یہ انتہائی متنازع بیان میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ہندوستانی مسلمانوں کے ذہنوں میں یہ خدشات ہیں کہ عالمی وبا کے تدارک کیلئے بنائی گئی ادویات میں خںزیر کا عنصر استعمال کیا گیا ہے جو کہ مذہب اسلام میں حرام ہے۔

دوسری جانب ہندوستانی حکومت یا حکمرانوں کی جانب سے مسلمانوں کی تشفی کرنے کی بجائے ان کے دل میں مزید شکوک وشبہات پیدا کئے جا رہے ہیں جبکہ ایسے بیانات بھی سامنے آ رہے ہیں جس سے ناصرف ان کی دل آزاری ہو رہی بلکہ ان کے ذہنوں میں یہ بات گھر کرتی جا رہی ہے کہ انڈین حکومت جو ٹیکہ لگوانے کی ترغیب دے رہے ہیں اس میں لازمی طور پر حرام اشیا کا استعمال کیا گیا ہے۔

خیال رہے سعودی عرب سمیت کئی مسلمان ممالک میں ویکسی نیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یورپی ممالک اور امریکا میں بھی شہریوں کو مفت حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں تاہم انڈین حکومت نے جو دوا لائی ہے اس پر ناصرف مسلمان بلکہ ہندو بھی تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں اور اس کے سومند ہونے پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔