پی سی بی نے مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا، شعیب اختر کا دعویٰ

The PCB has decided to remove Misbah-ul-Haq from office, claims Shoaib Akhtar
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: لیجنڈ باؤلر شعیب اختر نے دعویٰ کیا ہے کہ بالاخر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اب وہ مزید اس عہدے پر نہیں رہیں گے۔

شعیب اختر نے یہ دعویٰ اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب زمبابوے کے سابق کھلاڑی اینڈی فلاور قومی ٹیم کی ہیڈ کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے تاہم ابھی تک وہ شش وپنج کا شکار ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اینڈی فلاور پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطانز سے وابستہ ہیں، ان کی کوشش ہے کہ وہ اس سیزن کے پیسے بنا کر ہی پاکستانی ٹیم کو جوائن کریں۔

لیجنڈ باؤلر شعیب اختر نے دعویٰ کیا کہ مصباح الحق کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے ایںڈی فلاور کیساتھ معاہدہ بھی کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر پی سی بی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ لوگ صرف محلے جیسی کمیٹیاں بناتے ہیں جس میں صرف تنخواہ کے متمنی افراد کو بھرتی کیا جاتا ہے، جن کی ساری فکر اپنی نوکری بچانے اور تنخواہ کے حصول کیلئے ہوتی ہے۔ یہ کمیٹی محلے کی کمیٹی جیسے ہوتی ہے جس میں طے کر لیا جاتا ہے کہ آج میری تو کل تیری باری ہوگی، یہ سب باریاں باریاں کھیلتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کمیٹی نے مصباح الحق کو کوئی موقع نہیں دیا، اب ان کے علاوہ بھی لوگ پھنسے ہوئے ہیں کہ اس صورتحال میں کیا کریں، سب لوگ اپنی نوکریاں بچانے کیلئے بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے اس ویڈیو میں وقار یونس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کا شمار دنیا کے عظیم ترین باؤلرز میں ہوتا ہے، خدا کا خوف کریں کہ آپ مصباح الحق کے ماتحت بن کر کام کر رہے ہیں۔

اپنی ویڈیو میں شعیب اختر نے وزیراعظم عمران خان کی بھی کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر مبذول کرائی اور کہا کہ آپ کو صرف کھیل کی بہتری کیلئے احسان مانی جیسا بندہ ہی ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کے دور میں کرکٹ ٹھیک نہیں ہوگی تو پھر کس کے دور میں ہوگی۔