ن لیگ نے ایک روپے کی نہیں بلکہ اربوں روپے کی کرپشن کی: میاں اسلم اقبال

PML-N, corruption, Sharif family, billions, rupees, Mian Aslam Iqbal, provincial minister

لاہور : صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ن لیگ نے ایک روپے کی نہیں بلکہ اربوں روپے کی کرپشن کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پچھلے ادوار میں شہریوں کی جیبوں کی صفائی کے ٹھیکے دیئے گئے ، ماضی میں جو معاہدے ہوئے ٹینڈر کے وقت کچھ چیزیں ہٹا دی گئیں ، اسی وجہ سے مشینری ایل ڈبلیو ایف پی نے اپنے قبضے میں لیں۔ انہوں نے کہا کہ 2 جنوری کو ٹوٹل کوڑا 25 ہزار ٹن ہمارے پاس تھا، 7 ہزار ٹن کوڑا روزانہ اٹھایا جاتا ہے۔ کل رات تک لاہور سے سارا کوڑا اٹھالیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ 2001 میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کا حصہ رہا ہوں ، اس وقت لاہور کی صفائی کا بجٹ 72 کروڑ روپے تھا بعد میں یہ بجٹ ایک ارب 5 کروڑ روپے ہوگیا۔ 2010 میں ن لیگ نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنائی ، مسلم لیگ (ن) نے 2 کمپنیوں سے معاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی جو صفائی پہلے ایک ارب روپے میں ہو رہی تھی وہ 8 ارب میں ہونے لگی۔

وزیر صنعت و تجارت نے بتایا کہ سابق حکومت نے معاہدہ کیا 70 فیصد ادائیگی ڈالر میں اور باقی پیسوں میں ہوگی ، سابق حکومت نے باہر کی کمپنیز کو ٹھیکہ دینے کیلئے معاہدہ بنایا۔ 2010 میں اچانک صفائی کا بجٹ 700 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ، ایک کمپنی کو 131 یوسیز، دوسری کو 127 یوسیز دی گئیں ، کمپنیوں نے 320 ملین ڈالر کا 7 سال کیلئے معاہدہ کیا۔

اسلم اقبال نے کہا کہ پچھلے ادوار میں شہریوں کی جیبوں کی صفائی کے ٹھیکے دیئے گئے ، 65 فیصد مشینری اس وقت آؤٹ آف آرڈر ہے 35 فیصد مشینری اس وقت قابل استعمال ہے جو کوڑا اٹھا رہی ہے، غیر فعال مشینری کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت 3800 ٹن ویسٹ اٹھایا جانا تھا ، فرانزک رپورٹ میں ڈی جی آڈٹ نے کہا ہے 7 ارب ان سے واپس لئے جائیں۔