ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، سپاہی شہید

ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، سپاہی شہید
کیپشن: ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، سپاہی شہید
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک بار پھر سے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایل او سی پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 28 سالہ سپاہی نبیل لیاقت شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج نے دیوا سیکٹر پر لائن آف کنڑول کی خلاف ورزی کی اور ان کی فائرنگ کے جواب میں پاکسانی افواج نے دشمن کو بھر پور جواب دیا اور ان کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ 

خیال رہے کہ دفتر خارجہ نے 12 جنوری کو بھارت کے سینئر سفارتکار کو طلب کیا تھا اور نیزہ پیر سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے  10 سالہ بیگناہ بچہ محمد ظہیر شدید زخمی ہو گیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے رواں سال کے دوران اب تک 48 مرتبہ بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں جس میں تین بیگناہ شہری شدید زخمی ہوئے ہیں۔ بھارتی سفارتکار کو آگاہ کیا گیا کہ ایل او سی پر کشیدگی میں اضافے سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔

بھارت پر زورد یا گیا کہ وہ 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ان واقعات کی تحقیقات کرائے، بھارتی فوج کو جنگ بندی کے احترام کا حکم دے، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر اس کی روح کے مطابق امن برقرار رکھے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین (یواین ایم او جی آئی پی) کو اپنا کردارادا کرنے کی اجازت دے۔