"ان "کا ہاتھ اپوزیشن کی گردن پر تو آسکتا ہے سر پر نہیں: شیخ رشید 

سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جو ہاتھ عمران خان کے سر پر ہے اپوزیشن چاہتی ہے وہ ان کے سر پر بھی آجائے۔ ان کا ہاتھ اپوزیشن کی گردن پر تو آسکتا ہے سر پر نہیں ۔ اپوزیشن کے ساتھ جو کچھ کل ہوا اسے اب ہوش کے ناخن لینا چاہئیں۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ جتنے بھی مگرمچھ،گینڈے اور پسو ہیں سب کااحتساب ہوگا۔  نوازشریف کی سیاست کو کہیں نہیں دیکھ رہا۔نوازشریف آئیں،وہ موسم برسات کےانتظار میں ہیں۔ بچوں سے نہیں الجھنا چاہتا،شہبازشریف نوازشریف سےزیادہ کرپٹ ہیں۔کرپشن کیسز کے فیصلے بھی جلد ہوں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی اورخیبرپختونخوا کی حدود اسلام آباد سے ملتی ہیں۔کرائم میں فرق پڑا ہے،اسےکنٹرول کریں گے۔ ای پاسپورٹ کی طرف جارہے ہیں،کسی کیخلاف شکایت ہو تو بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیروزگاری بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ایف آئی اے میں نوکریاں نکالیں 13لاکھ لوگوں نےدرخواستیں دیں ۔ عمر کی حد میں اضافہ کرنے جارہے ہیں۔ 

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کی لوٹ مار کا اثر ملک کے ساتھ عوام اور ہم پر بھی پڑا ہے ۔ عمران خان ان چوروں سےدولت واپس نہیں لے سکے۔ عمران خان سے توقع تھی، عوام ان چوروں کو جیلوں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ 

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف ہماری مجبوری ہے،اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا۔  آئی ایم ایف کا کڑوا گھونٹ بڑی مشکل سے پیا ہے۔ احتساب کا عمل بہت کمزور رہا ہے،دنیا جانتی ہے 2خاندانوں نےخزانےکولوٹا۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو ساڑھے 3 سال ہوچکے ہیں،چوتھا سال ویسے نکل جائے گا ۔ تین سے چار ماہ میں مہنگائی کا مکو ٹھپ دیں گے ۔ ہماری حکومت 5 سال پورے کرے گی ۔ افواہیں دم توڑ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسلام آبادآنا چاہتے ہیں بڑے شوق سے آئیں۔  23مارچ کےاحترام کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ خواتین کےبارے میں نہیں بولتا،علما کا احترام کرتا ہوں۔ چاروں شریف پاکستانی سیاست میں مائنس ہوچکے ہیں۔ نوازشریف آنا چاہتے ہیں آئیں،نہیں آناچاہتے نہ آئیں۔ 

شیخ رشید نے مزید کہا کہ 23 مارچ کو پاکستان کی تاریخی پریڈ ہے،او آئی سی کےممالک آرہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جےٹی سی فلائنگ کرے گا۔ یہ لانگ مارچ کریں یا لونگ مارچ کریں،ان کے راستےکو نہیں روکیں گے۔اپوزیشن اندھی مچھلیاں ہیں،یہ 2،2 لانگ مارچ کر رہی ہیں۔