پاک بحریہ کی اکیسویں ائیر ڈیفنس بٹالین کی عمارت کے تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب

 پاک بحریہ کی اکیسویں ائیر ڈیفنس بٹالین کی عمارت کے تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب

کراچی:پاک بحریہ کی ا کیسویں ائیر ڈیفنس بٹالین یونٹ کے تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب جمعہ کو اورماڑہ میں منعقد ہوئی جو کہ مذکورہ یونٹ کے لیے ایک مستقل اور مخصوص عمارت کی تعمیر کا آغاز ہے۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اکیسویں ائیر ڈیفنس بٹالین کا قیام 2005میں عمل میں آیاجس کا مقصد پاک بحریہ کے تمام یونٹس اور مخصوص قومی عمارات و تنصیبات کو سطح زمین سے فضائی دفاع مہیا کرنا ہے۔

اس مقصد کے حصول کے لیے بٹالین کو اسٹیٹ آف دی آرٹ ائیر ڈیفنس گنز، زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں اور ائیر ڈیفنس ریڈارز سے لیس کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل محمد ذکااللہ نے ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا جو انتہائی اہم نوعیت کے اس منصوبے سے منسلک ہیں۔

نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ کے تمام ترقیاتی منصوبوں میں فضائی دفاع نیول ہیڈکوارٹرز کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور کوسٹل کمانڈ کے اس اہم جزو کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے تاکہ ملکی دفاع کومزید موثر بنایا جاسکے۔

انہوں نے اکیسویں ائیر ڈیفنس بٹالین کے تعمیراتی کام کے آغاز پر یونٹ کے افسران اور جوانوں کو مبار ک باد پیش کی اور منصوبے کی تکمیل پر بھر پور توجہ دینے اور مکمل احتیاط برتنے کی ہدایت کی۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل عبدالعلیم نے اس اہم منصوبے کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں ائیر ڈیفنس بٹالین کے لیے مخصوص عمارت کی تعمیر سے مادر وطن کو درپیش ممکنہ فضائی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران، چیف پیٹی آفیسرز، سیلرز اور نمایاں مقامی سول شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔