وزیر اعظم ڈٹ جائیں، کسی صورت مستعفی نہ ہوں: مولانا فضل الرحمان

وزیر اعظم ڈٹ جائیں، کسی صورت مستعفی نہ ہوں: مولانا فضل الرحمان

کراچی: جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم نوازشریف کو استعفے کے مطالبوں کے سامنے ڈٹ جانے کا مشورہ دیدیا ہے ان کے مطابق پاناما کی پکتی ہوئی دیگ ٹھنڈی ہونے جارہی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمن کا کہناتھاکہ مسئلہ پاناما کا نہیں، ملک کے معاشی مستقبل کو سبوتاژ کیا جارہا ہے، دھرنوں کو ناکام بنا کر سی پیک کے لیے راستہ بنایا ہے۔ان کا مزید کہناتھاکہ کیاعمران خان نے زرداری کو نوازشریف سے کم چور مان لیا ہے؟خورشید شاہ جس سے جمہوریت کو بچاتے رہے آج خود اس کے پہلومیں بیٹھے ہیں۔جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ جولوگ مستعفی ہونے کے باوجود پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں وہ کس منہ سے وزیراعظم کی رخصتی کا مطالبہ کررہے ہیں؟اس طرح تبدیلیاں لائی جائیں گی تو پارلیمنٹ کو کس کا ادارہ سمجھا جائیگا؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی پیک اور پاکستان کے استحکام کو سبوتاژ کرنا امریکا کا ایجنڈا ہے ،رات کی تاریکی میں فیصلے عوام نہیں ، کچھ اور لوگ کرتے ہیں ، ان لوگوں کو اخلاقی مطالبہ کرنے کا کیا حق ہے ؟ انہوں نے کیا کیا کام نہیں کئے ۔مولانا فضل الرحمن کا مزید کہناتھاکہ سی پیک کی بہت بڑی ضامن فوج ہے مگر ضمانت اسی وقت دے سکتی ہے جب قومی یکجہتی ہو۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی پر اعتماد یا عدم اعتماد کرنا کیس کے فریقین کا کام ہے ، ہمارا کیا واسطہ ؟جے آئی ٹی بنانا عدلیہ کی ذمہ داری ہے ؟ یا انتظامیہ کی ؟ یہ عدالتی نہیں انتظامی معاملہ ہے ، مگر اب ہوچکا ، کون پوچھنے والا ہے؟

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں