وفاقی کابینہ کے ’’ جعلی اعتماد‘‘ کے باوجود نواز شریف اب نہیں بچ سکتے,میاں محمودالرشید

وفاقی کابینہ کے ’’ جعلی اعتماد‘‘ کے باوجود نواز شریف اب نہیں بچ سکتے,میاں محمودالرشید

لاہور:  تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے ’’ جعلی اعتماد‘‘ کے باوجود نواز شریف اب نہیں بچ سکتے، ملکی ترقی و خوشحالی اور کشمیر کی آزادی نواز شریف کے جانے سے مشروط ہے۔

وفاقی کابینہ کی وزیراعظم کے حق میں قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے اسے خود کو دھوکہ دینے کے مترادف قرار دیا، انہوں نے کہا کہ کابینہ کا وزیراعظم پر اعتماد بھی انکو نہیں بچا سکتا کیونکہ جے آئی ٹی رپورٹ نے جنرل ضیا سے شروع ہونے والے سیاسی سفر کی ’’ ٹر یل‘‘ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

 پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ حکومت اکثریت کے باوجود کمزور ہے، ایسے میں اداروں سے ٹکراؤ یا محاذ آرائی جمہوریت کیلئے شدید خطرات کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جے آئی ٹی رپورٹ کے باوجود مستعفی نہ ہو کر مسلم لیگ ن کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔

حکومت کے دیگر ملکوں سے متعلق سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ عوام ہوں یا وفاقی و صوبائی کابینہ، جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد وزیراعظم کی بات کوئی سننے کو تیار نہیں ایسے میں دوسرے ملک کیا سنیں گے، ا س موقع پر صرف مودی سرکار ہی نواز شریف کو ریسکیو کرنے کو تیار ہو سکتی ہے، عرب امارات، سعودی عرب یا کوئی اور نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب سے نوازشریف کے اقتدار کو خطرہ ہوا ہے اس وقت سے بھارت میں کہرام مچا ہوا ہے کیونکہ بھارت کو پتہ ہے کہ نوازشریف کے جانے سے پاکستانی معیشت اور ریاستی ادارے مضبوط ہونگے اور بھارت یہ نہیں چاہتا۔ اس کا ثبوت بھارتی اخبارات ہیں جو اپنی شہ سرخیوں میں لکھ رہے ہیں کہ پانامہ کا فیصلہ نواز شریف کے خلاف آیا تو کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل سکتا ہے۔ ایسی خبروں نے پوری قوم کو ایک اور پریشانی میں ڈال دیا ہے۔

مصنف کے بارے میں