نواز، مریم کی گرفتاری کے بعد اسحٰق ڈار کو وطن واپس لانے کیلئے ریڈ وارنٹ جاری

نواز، مریم کی گرفتاری کے بعد اسحٰق ڈار کو وطن واپس لانے کیلئے ریڈ وارنٹ جاری
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحٰق ڈار کی بیرون ملک گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے جس کے بعد انہیں انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ 9 جولائی کو چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے چیئرمین پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو مزید 3 روز کی مہلت دیتے ہوئے جمعرات (12 جولائی) کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا تھا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسحٰق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی، اس سلسلے میں اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیئے:شہباز شریف نے ملک بھر میں پر امن احتجاج کی کال کا عندیہ دیدیا
 
 
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسحٰق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں، وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ایف آئی اے نے ریڈ وارنٹ جاری کیے.

 ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد انٹرپول کو درخواست کردی ہے ، دوران سماعت وزارت داخلہ کی جانب سے اسحٰق ڈار کی واپسی سے متعلق جواب بھی سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا۔

جسٹس سردار طارق نے اٹارنی جنرل نے استفسار کیا کہ اسحٰق ڈار کی بیرون ملک جائیداد ضبط کرنے کے حوالے سے کیا کیا؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ جائیداد ضبطگی کی درخواست بھی ریڈ وارنٹ کے ساتھ لگا دی ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ اسحٰق ڈار عدالت کے بلانے پر نہیں آئے، سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار عدالت کی بے توقیری کررہے ہیں اور وہ نوٹس گھر کے باہر چسپاں کرنے کے باوجود پیش نہیں ہو ئے۔

خیال رہے کہ اسحٰق ڈار پاناما پیپرز لیکس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے چند ماہ بعد ہی علاج کی غرض سے لندن روانہ ہو گئے تھے جس کے بعد وطن واپس نہیں آئے۔