ورلڈکپ 2019 :انگلینڈ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا

ورلڈکپ 2019 :انگلینڈ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا
کیپشن: Image Source: Icc Twitter Account

لندن:انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر ہوا تو سپر اوور میں بھی میچ ٹائی ہوگیا، تاہم میچ میں زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ، ورلڈ کپ 2019  انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا فائنل میچ سنسنی خیز مقابلے کے برابر ہوگیا اور معاملہ سپر اوور پر پہنچ گیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں10 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے  ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میچ میں بظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن شروع میں مسائل کا شکار نظر آئی اورنیوزی لینڈ کے باﺅلرز نے صرف 86 کے مجموعی سکور پر حریف ٹیم کے4 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹادیا۔

بلیک کیپس کو پہلی کامیابی اوپنر جیسن رائے کی شکل میں 28 کے مجموعی سکور پر ملی جس کے بعد 59 پر ون ڈاﺅن آنے والے جوئے روٹ بھی چلتے بنے۔ نیوزی لینڈ کو اگلی کامیابی 71 کے مجموعی سکور پر جونی بیرسٹو کی شکل میں ملی تو 86 پر فرگوسن نے انتہائی مشکل کیچ پکڑ کر انگریز کپتان این مورگن کو صرف 9 رنز پر ہی چلتا کیا۔

ٹیم پریشر میں آئی تو بین سٹوکس اور جوس بٹلر نے ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور 110 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ انتہائی ضروری وقت میں بڑی پارٹنر شپ کے باعث میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا اور نیوزی لینڈ کے ہاتھ سے میچ جاتا ہوا محسوس ہوا۔ 196 کے مجموعی سکور پر جوس بٹلر 59 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کے باﺅلرز کی جان میں جان آئی اور انہوں نے ایک کے بعد ایک وکٹ اڑانا شروع کردیں۔

آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے اور سامنے 70 سکور بنانے والے بین سٹوکس کھڑے تھے۔ نیشم کے اوور کی پہلی 2 گیندیں ضائع کرنے کے بعد بین سٹوکس نے تیسری گیند پر چھکا جڑ دیا ، اگلی گیند پر بین سٹوکس نے ڈبل کی کوشش کی تو تھرو کے دوران انہیں گیند لگی اور گیند باﺅنڈری کے باہر جاپہنچی، یوں اس گیند پر بھی انگلینڈ کو 6 رنز مل گئے ۔ میچ کی آخری گیند پر ڈبل کی کوشش میں برطانوی بلے باز ووڈ رن آؤٹ ہوگئے جس کے باعث میچ برابر ہوگیا اور معاملہ سپر اوور پر پہنچ گیا۔

 

انگلینڈ کی ٹیم 27 برس بعد پہلی بار ورلڈ کپ کا فائنل کھیل رہی ہے، اس سے قبل انگلش ٹیم 1979، 1987 اور 1992 میں ٹرافی کے قریب پہنچ کر خالی ہاتھ رہ گئی تھی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی اب تک ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں ناکام رہی ہے، 2015 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم فائنل میں پہنچی تو تھی تاہم ٹائٹل آسٹریلیا نے اپنے نام کیا تھا۔