وزیر خزانہ شوکت ترین کا نیب قانون میں ترمیم کا اعلان

وزیر خزانہ شوکت ترین کا نیب قانون میں ترمیم کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی احتساب بیورو (نیب) قانون میں ترمیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیورو کریسی نیب کی وجہ سے بالکل کام نہیں کر رہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ نیب کے قانون میں ترمیم لارہے ہیں کیونکہ بیوروکریسی نیب کی وجہ سے خوفزدہ ہے اور بالکل کام نہیں کر رہی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ماہانہ درآمدات 6 ارب ڈالر تک رہیں گی اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں نہیں بلکہ خسارے میں رہے گا، بیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے بہترمارکیٹنگ نہیں کی، ہمیں چینی کمپنیوں کو پاکستان میں لانا ہے۔
عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باوجود بھارت میں غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان کی نسبت زیادہ آنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کو ضرور سرمایہ کاری کی ہب بنانا چاہئے لیکن اس کیساتھ ہی ہمیں بہتر مارکیٹنگ کی بھی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو معلوم ہو سکے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے فائدہ ہو گا۔