کورونا وائرس بڑھنے کا خطرہ، اسلام آباد کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن  

Corona virus threatens to spread, smart lockdown in more areas of Islamabad
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ پیدا ہوتے ہی ضلعی انتظامیہ نے شہر کے چھ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے خطرے کے پیش نظر اسلام آباد کے علاقے بحریہ ٹاوَن فیز 4 گلی نمبر 10، میڈیا ٹاؤن بلاک اے گلی نمبر 15 اور سیکٹر ای 7 کی گلی نمبر 15 کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔

نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس کے علاقہ ج علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں کشمیر محلہ کی گلی نمبر 10، علاقہ جھنگ سیداں اور کورنگ ٹاؤن کی گلی نمبر 5 شامل ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پازیٹو کیسو کی شرح چھ فیصد تک بڑھنے پر شہر کے کئی علاقوں کو سیل کر دیا تھا تاکہ عالمی وبا کا پھیلاؤ دیگر علاقوں میں پہنچنے سے روکا جا سکے۔

جن علاقوں کو کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بند کیا گیا تھا ان میں سیکٹر ایف 6 تھری کی مخصوص گلیوں، سیکٹر جی الیون، ٹاؤن کھنہ پل کی گلی نمبر 13، اسلام آباد کے جی 7 ٹو اور سواں گارڈن ایچ بلاک کو سیل کر دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں کورونا مزید 24 افراد کی جان لے گیا جس کے بعد مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 642 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ، 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ایک ہزار 980 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 47 ہزار 472 کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔

ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.17 فیصد رہی جبکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 78 ہزار ، 847 تک پہنچ گئی ہے۔