کرس گیل ٹی 20 میں 14 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے

کرس گیل ٹی 20 میں 14 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سینٹ لوشیا: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل ٹی 20 کرکٹ میں 14 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں کرس گیل نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنا کر ناصرف فتح میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ ٹی 20 کرکٹ میں 14 ہزار رنز مکمل کرنے کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔ 
کرس گیل نے 431 ٹی 20 میچز میں 14 ہزار 38 رنز بنا لئے ہیں اور اس طرح وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ ہیں جنہوں نے 545 ٹی 20 میچز میں 10 ہزار 836 رنز بنا رکھے ہیں۔ 
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 15 جولائی اور پانچواں میچ 17 جولائی کو ڈیرین سیمی نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔