کورونا وائرس کی بھارتی قسم ’ڈیلٹا‘ بہت جلد پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے: ماہر امراض 

کورونا وائرس کی بھارتی قسم ’ڈیلٹا‘ بہت جلد پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے: ماہر امراض 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے فاطمہ جناح ہسپتال کے ماہر امراض سینہ ڈاکٹر شیرین خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سامنے آنے والی کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا ویرینٹ زیادہ مہلک ہے جو بہت جلد پھیپھڑوں کو متاثر کرتا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شیرین خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویرینٹ کے مریض کے بیمار ہونے کا دورانیہ بہت کم ہوتا ہے، اس میں تیز بخار، جسم میں درد جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں اور یہ پھیپھڑوں کو بھی بہت جلد متاثر کرتا ہے جبکہ اس کی تشخیص کا وقت بھی بہت کم ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلے بڑی عمر کے لوگ کورونا وائرس میں مبتلا ہورہے تھے لیکن اب درمیانی عمر کے نوجوان بھی کورونا کا شکار ہورہے ہیں، فاطمہ جناح ہسپتال میں کورونا میں مبتلا اتنے مریض آ رہے ہیں کہ کوئی بھی بیڈ 30 منٹ بھی خالی نہیں رہتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے رپورٹ کیسز میں 50 فیصد ڈیلٹا ویرینٹ کے ہیں اور دنیا میں کوئی بھی ویکسین اس ویرینٹ کیلئے 100 فیصد موثر نہیں ہے۔ 
ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی بھی ویکسین کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویرینٹ کیلئے 100 فیصد موثر نہیں ہے تاہم ویکسی نیشن کے بعد اگر کوئی عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا شکار ہو جائے تو وہ زیادہ متاثر نہیں کرتا جبکہ پاکستان میں جو ویکسین لگائی جارہی ہیں وہ ڈیلٹا ویرینٹ کیلئے بھی موثر ہیں۔