پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے 16 رکنی انگلش سکواڈ کا اعلان 

پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے 16 رکنی انگلش سکواڈ کا اعلان 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لندن: انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ( ای سی بی) نے پاکستان کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت این مورگن کو سونپی گئی ہے جبکہ تین کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے پر قرنطینہ بھیجے جانے والے دیگر کھلاڑیوں کی رپورٹس منفی آنے کے بعد انہیں بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ای سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ این مورگن ان 9 کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جو سری لنکا کے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد قرنطینہ کی مدت پوری کر چکے ہیں جبکہ 16 رکنی سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں اور سب کھلاڑی سیریز کھیلنے کیلئے کلیئر ہیں۔ 
ای سی بی کے مطابق پال کولنگ ووڈ پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 16 جولائی کو ٹرینٹ برج میں کھیلا جائے گا۔ 
 انگلینڈ کے ٹی 20 سکواڈ کی قیادت این مورگن کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں معین علی، جونی بیرسٹو، جیک بال، ٹام بینٹن، جوز بٹلر، ٹام کیورن، لوئس گریگوری، کرس جورڈن، لائم لیونگ سٹون، ثاقب محمود، ڈیوڈ ملان، میٹ پارکنسن، عادل راشد، جیسن روئے اور ڈیوڈ ولی شامل ہیں۔